نئی دہلی، 28/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس پر اکثر یہ الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ وہ ریاستی انتخابات کی تیاری آخری لمحات میں کرتی ہے، لیکن دہلی کانگریس نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے 2025 کے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے پیشگی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی طرز پر دہلی کانگریس نے ایک مہینے طویل ’دہلی نیائے یاترا‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیوندر یادو نے دہلی کانگریس ارکان کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’یہ نیائے یاترا 8 نومبر کو راج گھاٹ سے شروع ہوگی اور 4 دسمبر تک جاری رہے گی۔‘‘
صحافیوں سے خطاب کرنے سے پہلے ’دہلی نیائے یاترا‘ کی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں کانگریس کے دور کی دہلی یعنی شیلا دکشت کے دور کی دہلی اور موجودہ دہلی کا موازنہ پیش کیا گیا۔ اس ویڈیوں کے ذریعہ دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت اور مرکز کی بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔
صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیوندر یادو نے کہا کہ اس نیائے یاترا کی ضرورت اس لئے پڑی کیونکہ دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کی حکومت نے دہلی والوں کو ہر محاذ پر دھوکہ دیا ہے اور ان کو کسی قسم کی راحت نہیں پہنچائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے دہلی کو ترغیب ملی ہے کہ وہ بھی دہلی کی عوام کے پاس جائیں اور ان کے مسائل سنیں تاکہ ان کو راحت پہنچائی جا سکے۔
سابق وزیر اعلی شیلا دکشت کے او ایس ڈی اور کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بھی اس پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دہلی میں کانگریس نے بہت کام کیا ہے لیکن بتایا بہت کم۔ انہوں نے کانگریس لیڈران سے کہا کہ ’’کیجریوال اور مودی حکومت نے کام بہت کم کئے لیکن تشہیر زیادہ کی، جبکہ شیلا حکومت میں کانگریس وزراء نے کام زیادہ کیا اور تشہیر کم کی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کام کی تشہیر ہونی چاہئے۔‘‘ اس دوران دہلی پردیش کانگریس کے سابق صدر انل چودھری نے عوام میں جوش بھرتے ہوئے وہاں موجود کانگریس ارکان سے نعرے لگوائے جس میں ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کی طرح ’دہلی نیائے یاترا جوڑو جوڑو‘ بلند آواز میں کہا گیا۔
اس موقع پر دہلی کناگریس کے سکریٹری انچارج دانش ابرار نے پرجوش انداز میں کہا کہ ہال میں موجود کانگریس ارکان دراصل کانگریس کے وہ جوان ہیں جنہوں نے دیوندر یادو کی اس یاترا میں حمایت کر کے ہی اس یاترا کو کامیاب بنا دیا ہے۔ واضح رہے دہلی کانگریس نے 7 اکتوبر کو منشور کے لیے مہم شروع کر دی ہے یعنی کانگریس نے سال 2025 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے کمر کس لی ہے۔
کانگریس کے زیادہ تر سینئر رہنما آج کی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ اس تقریب میں جہاں دہلی کانگریس پردیش کمیٹی کے تینوں سابق صدور جے پرکاش اگروال، سبھاش چوپڑا اور انل چودھری نے شرکت کی وہیں پون کھیڑا، آلوک شرما، اے آئی سی سی کے دونوں سکریٹری، خواتین کانگریس کی صدر الکا لامبا، ایس سی ایس ٹی کے رہنما راجیش للوتھیا، این ایس یو آئی کے صدر ورون چودھری، کئی سابق وزراء، ارکان اسمبلی اور کونسلر بھی ڈائس پر موجود تھے۔